لاہور ہائیکورٹ نے ڈی پی او بھکر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بھکر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، جبکہ ڈی پی او، ایس پی او اور ایس ایچ او بھکر کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس بھی جاری کرتے ہوئے 26 اکتوبر 2026 تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
24 نیوز ایچ ڈی کے مطابق جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے ہفتے کے روز کسٹمز فیصل آباد کے ایڈیشنل ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی جانب سے 2021 میں دائر درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔
عدالت نے ڈی پی او بھکر کے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے توہین عدالت کے مقدمات کے لیے الگ فائل تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔
سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شاہد نواب چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 اکتوبر 2026 تک ملتوی کر دی۔